بحیرہ عرب میں موجود ڈیپریشن نے سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلی ،محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):بحیرہ عرب میں موجود ڈیپریشن نے سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلی تاہم سمندری طوفان سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں۔

محکمہ موسمیات سائیکلون وارننگ سینٹر نے منگل کی شام اس حوالے سے الرٹ جاری کیا جس کے مطابق بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں موجود دباؤ نے سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلی ہے، سمندری طوفان کراچی سے 1420 کلومیٹر دور ہے اور سائیکلون کے اطراف میں 80 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے تند و تیزہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اگلے 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران شدت اختیار کر سکتا ہے اور شمال اورشمال مغرب کی جانب بڑھے گا تاہم سمندری طوفان سے کسی بھی پاکستانی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس کو سائیکلون سینٹر کی جانب سے مسلسل مانیٹرکیا جارہا ہے۔ قبل ازیں محکمہ موسمیات کی جانب سے ممکنہ سمندری طوفان کے حوالے سے منگل کی صبح جاری پہلے الرٹ میں بتایا گیا تھا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے اور یہ  ڈپریشن کراچی سے 1500 کلومیٹر کے فاصلے پرہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ اگلے 18 سے 24 گھنٹوں کے دوران ڈپریشن ٹروپیکل سائیکلون (طوفان) میں تبدیل ہوسکتا ہے، اس دوران سمندری سرگرمی کا رخ شمال مشرق کی جانب رہے گا۔ دریں اثنا نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے صورتحال کے پیش نظر تمام شراکت داروں کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں ۔