برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ سروسز بحال کر دیں، ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنرکا ٹویٹر پر ویڈیو پیغام

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی): پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے کہا ہے کہ برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ سروسز بحال کر دی ہیں۔ منگل کو ٹویٹرپر اپنے ایک ویڈیوپیغام میں انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 اور سفری پابندیوں کے خاتمہ کے بعد برطانیہ نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ سروسز کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ رواں سال گرمیوں میں برطانیہ کا سفر کرنے کا خواہشمند کوئی بھی پاکستانی ویزہ کیلئے درخواست دے سکتا ہے اور درخواست جمع کرانے کے بعد بائیو میٹرکس کی تصدیق کے 6 ہفتے کے دوران ویزہ جاری کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں انتہائی پرامید ہوں کہ کئی پاکستانی طلبا برطانیہ میں تعلیم کے حصول کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں لیکن میری ان سے درخواست ہے کہ وہ جلد از جلد ویزہ کے حصول کیلئے درخواست جمع کرائیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوستی کی بنیادی اکائی عوامی رابطے ہیں اور ہر سال 0.5 ملین پاکستانی اور برطانوی شہری ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرتے ہیں۔