اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمان رانا نے کہا ہے کہ پاکستان میں حیرت انگیز قدرتی حسن، تاریخ، ثقافت اور ورثہ موجود ہے، حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے اور ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے متعدد منصوبے تکمیل کے حتمی مراحل میں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برٹش پاکستانی فورم کے 7 رکنی وفد سےملاقات میں کیا جس نے بدھ کو یہاں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔
منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے ساتھ ساتھ ملک میں سیاحت کے فروغ اور ترقی کے لیے پی ٹی ڈی سی اور صوبائی محکمہ سیاحت کے جاری اور آنے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے سیاحت کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں حیرت انگیز قدرتی حسن، تاریخ، ثقافت اور ورثہ موجود ہے۔ تین پہاڑی سلسلے، گلیشیئرز، جھیلیں، شمالی وادیاں اور منفرد جنگلی نباتات اور حیوانات مقامی اور غیر ملکی دونوں منڈیوں سے سیاحت کو راغب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برٹش بیک پیکر سوسائٹی نے پاکستان کو دنیا کے سب سے بہترین ایڈونچر ٹریول ڈیسٹینیشن قرار دیا ہے۔ انہوں نے ای ویزہ پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی کے تحت 191 ممالک کے شہری ای ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، غیر ملکیوں کے لیے یہاں راکی پہاڑوں کے دلکش مناظر اور سرسبز و شاداب ماحول میں ہائیکنگ اور کوہ پیمائی کے مواقع موجود ہیں۔ قراقرم ہائی وے دنیا کی بہترین شاہراہ ہے جہاں آپ اپنی گاڑی کے اندر سے بلند ترین چوٹیاں دیکھ سکتے ہیں جبکہ قدیم سلک روٹ پاکستان اور چین کو وسطی ایشیا سے ملاتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس مہر گڑھ، موہنجوداڑو اور گندھارا سمیت بنی نوع انسان کی 9000 سالہ تاریخ ہے جس میں ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے صدیوں پرانے آثار قدیمہ موجود ہیں۔ برطانیہ اور دیگر ممالک کی سکھ کمیونٹی اپنے گوردواروں کا دورہ کر سکتی ہے کیونکہ مغرب میں رہنے والے سکھ یاتریوں کے لیے ویزا کی سہولت میں بھی بہتری آئی ہے۔ صوفی ورثہ، مذہبی اور روحانی ورثہ مغرب کو متوجہ کرتا ہے جسے مغربی ممالک میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔برٹش پاکستان فورم کے چیئرمین اور وفد کے سربراہ اعجاز صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کو دکھانے کے لیے بہت کچھ ہے لیکن بدقسمتی سے مغرب کا میڈیا پاکستان کے بارے میں منفی تاثر پیدا کر رہا ہے اور پاکستان کے بارے میں مثبت خبروں کو میڈیا میں زیادہ جگہ نہیں دی جا رہی۔
ہمارے دورہ پاکستان کا مقصد غیر ملکیوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سیاحت کے مقاصد کے لیے پاکستان آنے کی ترغیب دینا ہے اور ساحلی پٹی سے لے کر شمالی علاقہ جات تک پاکستان کی خوبصورتی کو دیکھنا ہے ۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ کے لیے پی ٹی ڈی سی کے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے اور آئندہ دو سال میں سیاحت کی صنعت میں بہت ترقی ہو گی کیونکہ سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کافی کام کیا جا چکا ہے اور سیاحتی منصوبے تکمیل کے حتمی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے وفد کے ممبران کو برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک سے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے اور ممکنہ سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پی ٹی ڈی سی کے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا ۔