کراچی۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں کی جانب سے یومِ سیاہ منانے کے موقع پر ایک بار پھر کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی نے اپنے پیغام میں بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والے کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ ان کا حق خودارادیت، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے، ایک انسانی حق ہے جسے کسی بھی ظلم و جبر سے چھینا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس دیرینہ بحران کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے تاکہ خطے میں انصاف، امن اور آزادی قائم ہو سکے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے کشمیر کاز کے لیے بھرپور عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے بانی، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کشمیر کے لیے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کے لیے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے پہلے دور صدارت میں انہوں نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقوق کی بھرپور وکالت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدرمملکت آصف علی زرداری اس مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے آج بھی پوری استقامت کے ساتھ پرعزم ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے آگے آئیں، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق کشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے کوششیں کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کی قربانیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی آواز کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بلند کرنے کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گی۔