بلوچستان میں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگیا، صوبے بھر میں چھوٹی و بڑی تقاریب کا انعقاد

بلوچستان میں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوگیا، صوبے بھر میں چھوٹی و بڑی تقاریب کا انعقاد

کوئٹہ۔14اگست (اے پی پی):بلوچستان میں 75 واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا جاررہا ہے بلوچستان میں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا کوئٹہ گریژن سمیت صوبے بھر میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں بلوچستان میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی

جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قومی پرچم لہرا کر تقاریب کا آغاز کیا اس پر صوبائی وزراء مشیر ، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی سمیت سول و فوجی افسران نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور مختلف چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے ہم آگے بڑھ رہے ہیں 27 رمضان المبارک کو معرض وجود میں آنا والا یہ ملک نعمت خداوندی ہے ہمیں ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ذات پات ، قومیت ، سندھی ، پنجابی ، بلوچ پشتون سے نکل کر ایک قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنا ہوگا پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان بارشوں اور سیلاب کے باعث آج ایک امتحان اور کڑے وقت سے گزر رہا ہے ہم وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے اور متاثرین کی امداد و بحالی سے متعلق ہم نے جو بھی مطالبہ کیا ہے انہوں نے بروقت شنوائی کی ہے گو کہ سیلاب اور بارشوں سے بلوچستان میں ہونے والی تباہی ناقابل تلافی ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امداد و بحالی کی کثیر الجہتی کوششوں کو مربوط طور پر جاری رکھا جائے سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق افراد کے پسماندگان کو 10لاکھ وفاقی حکومت اور 10لاکھ صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جائیں گے گھروں کی تعمیر و مرمت کے لیے2سے 5 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے ریسیکو سرگرمیوں کے بعد آئندہ 1 سے2ہفتوں میں مالی و رزعی نقصانات کے تخمینہ کا سروئے شروع کردیا جائیگا

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سیلابی سرگرمیوں کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پانے والے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی سمیت فوجی افسران و جوانوں کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم انسانی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا اور ان کی خدمات تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم سب سے بات چیت کے لیے تیار ہیں تاہم دہشت گردی اور سیکورٹی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اپوزیشن سمیت تمام طبقات کے مسائل کے حل کے لئے بات چیت کا راستہ اپنایا ہے ریکوڈک منصوبہ پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر صوبے کے مفاد میں فیصلہ کیا جس سے بلوچستان کو سالانہ150ارب روپے ملیں گے 11 سال بعد ہم نے بلوچستان میں پرامن اور صاف و شفاف بلدیاتی انتخابات کرائے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے جشن آزادی کی خوشی میں بلوچستان کے قیدیوں کی سزا میں2ماہ کی تخفیف کا اعلان کیا تاہم یہ رعائیت دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کے لئے نہیں ہوگی ۔