بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے کوئٹہ میں مختلف کلینکس کا اچانک معائنہ، حفاظتی و قانونی معیار کا جائزہ

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے میں معیاری اور محفوظ طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف جنرل پریکٹیشنر (GP) کلینکس کے اچانک معائنے کیے۔

کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے میں معیاری اور محفوظ طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں کوئٹہ کے مختلف جنرل پریکٹیشنر (GP) کلینکس کے اچانک معائنے کیے۔

فوکل پرسن ڈاکٹر بسم اللہ کاکڑ نے’’ اے پی پی‘‘ کوبتایاکہ معائنوں کا مقصد رجسٹریشن کی حیثیت کی تصدیق اور عارضی لائسنس (Provisional License) کے حصول کے لیے درکار لازمی کلیدی مریض حفاظتی اقدامات (KPSAs) کا جائزہ لینا تھا۔بی ایچ سی سی کی معائنہ ٹیموں نے المجید میڈیکل سینٹر سی پیک روڈ، بلال کلینک اینڈ فارمیسی گولی مار چوک اور سلمان کلینک جوائنٹ روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا۔دورانِ معائنہ رجسٹریشن سے متعلق تقاضوں، مریضوں کی حفاظت کے انتظامات، بنیادی ڈھانچے، طبی عملے کی اسناد، انفیکشن سے بچا کے پروٹوکولز اور دیگر لازمی ضابطہ جاتی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق یہ کارروائیاں ادارے کے اس مینڈیٹ کا حصہ ہیں جس کا مقصد طبی اداروں میں کلینیکل گورننس کو مضبوط بنانا، صحت کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ تمام طبی مراکز بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور متعلقہ ضابطہ جاتی معیارات کے مطابق کام کریں۔کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان بھر میں محفوظ، معیاری اور جوابدہ طبی خدمات کے فروغ کے لیے نگرانی اور معائنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر صحت کی سہولیات میسر آسکیں۔