بھارتی ریاست کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

ISPR

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیرنے کہاہے کہ بھارتی ریاست کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتی،جنگ مسلط کی گئی توپاکستان کی مسلح افواج نہ صرف مادروطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گی بلکہ دشمنکو بھرپورجواب دے گی ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات ہفتہ کوکنٹرول لائن کے راکھ چکری سیکٹرمیں اگلے محاذوں کے دورہ کے دوران افسروں اورجوانوں سے گفتگومیں کہی۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیرنے کنٹرول لائن کے رکھ چکری سیکٹرمیں اگلے محاذوں کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کوکنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال اورفارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے افسروں اورجوانوں سے ملاقات کی او رمشکل حالات میں ان کے بلندحوصلہ، پیشہ وارانہ مہارت اورجنگی تیاریوں کی تعریف کی۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ ہم نے حال ہی میں گلگت بلتستان اورآزادجموں وکشمیرکے بارے میں بھارتی قیادت کے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات کانوٹس لیاہے۔

آرمی چیف نے کہاکہ وہ واضح طوربتانا چاہتے ہیں کہ اگرہم پرجنگ مسلط کی گئی توپاکستان کی مسلح افواج نہ صرف مادروطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کیلئے پوری طرح سے تیارہوں گی بلکہ دشمن کو بھرپورجواب بھی دیں گی ۔آرمی چیف نے کہاکہ کسی غلط فہمی کی بنیادپرمہم جوئی کا پراستقلال قوم کی حمایت سے ہماری مسلح افواج پوری قوت سے جواب دیں گی ۔

آرمی چیف نے کہاکہ بھارتی ریاست کواپنے مذموم عزائم میں کبھی بھی کامیابی نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہاکہ دنیا انصاف کویقینی بنائے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں سے کئے گیے وعدوں پرعمل کرے۔ قبل ازیں رکھ چکری سیکٹرآمدپرکورکمانڈرراولپنڈی لیفٹننٹ جنرل شاہد امتیاز نے آرمی چیف کااستقبال کیا۔