بھکر ،ڈپٹی کمشنر کا داجل چیک پوسٹ کے قریب ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ موک ایکسرسائز کا معائنہ

ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نےداجل چیک پوسٹ کے قریب ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔

بھکر۔ 09 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نےداجل چیک پوسٹ کے قریب ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو رائے ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر بھکرغلام محی الدین رضا،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین اورمختلف متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔موک ایکسر سائز کا مقصد ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کی تیاریوں، وسائل اور ہنگامی حالات میں مؤثر ردعمل کی صلاحیت کا عملی جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر ریسکیو 1122، محکمہ لائیو اسٹاک، محکمہ صحت، محکمہ ریونیو، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے خصوصی اسٹالز قائم کیے گئے جہاں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے درکار مشینری،آلات اور امدادی سامان کی نمائش کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے مختلف سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ضروری مشینری، آلات اور امدادی وسائل کو مکمل طور پر فعال اور ہر وقت تیار حالت میں رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی یا سیلابی صورتحال میں بروقت اور مؤثر امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موک ایکسرسائز کا بنیادی مقصد مختلف اداروں کے درمیان باہمی رابطوں، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عوام کو بروقت امداد اور ریلیف فراہم کیاجا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور اپنی تیاریاں مکمل رکھنے کے حوالہ سے خصوصی ہدایات جاری کیں ۔