قصور. 04 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت نے بہاریہ مکئی کو گڑوؤں اورکونپل کی مکھی سے بچانے کے لئے کاشتکاروں کو مناسب دانہ دار زہروں کے استعمال کی ہدایت کی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکاربہاریہ مکئی کی فصل پر گہری نظررکھیں اور اگرکسی جگہ پر کسی بیماری یا کیڑے مکوڑے کاحملہ نظرآئے تو فوری طورپر محکمہ زراعت توسیع کے مقامی فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب دانہ دار زہروں کا استعمال کیاجائے تاکہ فصل کونقصان کی معاشی حد سے بچایاجاسکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت(توسیع)قصورمحمداکرم طاہرنے ”اے پی پی“کو بتایا کہ بہاریہ مکئی کی فصل کی حسب ضرورت مناسب وقفے سے آبپاشی جاری رکھنی چاہئیے خاص کر بورآنے پر کسی صورت میں پانی کی کمی نہ آنے پائے کیونکہ اس سے فصل متاثرہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار بورآنے پر کھیت کو ہمیشہ تروترحالت میں رکھیں تاکہ دانہ بننے میں مددمل سکے لیکن اس بات کا بھی خیال رکھاجائے کہ پانی زیادہ دیرتک کھڑانہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی گوڈی بھی جاری رکھیں اور آخری گوڈی کرتے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھادیں تاکہ تیز ہوا چلنے کی صورت میں فصل کو گرنے سے بچایاجاسکے۔