بیگم نجمہ حمید کی نماز جنازہ میں طارق فضل چوہدری، راجہ ظفر الحق، زمرد خان، نئیر بخاری، فرحت اللہ بابر ، ظفر علی شاہ سمیت سیاسی رہنمائوں ، لیگی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت

وزارت اطلاعات ونشریات میں تعزیتی اجلاس ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی خالہ سینئر پارلیمنٹیرین نجمہ حمید مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا کی گئی

راولپنڈی۔4دسمبر (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سابق صدرو سینئر پارلیمنٹیرین بیگم نجمہ حمید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

نماز جنازہ ایف بلاک سیٹلائٹ ٹائون، راولپنڈی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں سیاسی رہنمائوں طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، ملک ابرار، راجہ ظفر الحق، زمرد خان، نئیر بخاری، فرحت اللہ بابر، انجم عقیل، سردار نسیم، ظفر علی شاہ، دیگر سیاسی رہنمائوں سمیت لیگی کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نجمہ حمید جمعہ 2 دسمبر کی شب وفات پاگئی تھیں، ان کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل اور اجتماعی دعا بروز پیر ظہر کی نماز کے بعد صدیق شادی ہال سیٹلائٹ ٹائون، راولپنڈی میں ہوگی۔

مرحومہ نجمہ حمید دو بار سینیٹ آف پاکستان کی رکن بھی رہیں۔ مرحومہ نے سوگواران میں تین بیٹے چھوڑے ہیں۔