بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں ،دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثربنایا جائے، میر عبدالقدوس بزنجو

وزیر علیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی سینٹر منظور احمد خان کاکڑ کے بھائی پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

کوئٹہ۔26فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں محکمہ داخلہ اور پولیس کو صوبے کے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیکر اسے از سر نو مرتب کرنے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے امن و امان کے حوالے سے ضلعی سطح پر قائم کمیٹیوں کو فعال رکھنے اور قانون نافذ کرنے والے ادا روں کے درمیان مربوط روابط کے قیام اور معلومات کے تبادلے کے نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے رکھنی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں ،دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے بد امنی پیدا کررہے ہیں تاہم ملک دشمن عناصر کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف مزید موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دیرپا امن کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دھماکے کے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ انہوں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔