تاجر پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

کراچی۔18مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،میمن برادری نے پاکستان کی معیشت میں زبردست حصہ ڈالا ہے، سینکڑوں تعلیمی ادارے اور کمیونٹی ہسپتال چلا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج ( ہفتہ) کو کراچی میں آل پاکستان میمن فیڈریشن(اے پی ایم ایف) کے زیر اہتمام میمن برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ کاروبار، سماجی کام اور فلاحی کام میمن برادری کی پہچان ہیں لیکن ملک کے غریب لوگوں کو مضبوط کرنے کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ہمسایہ ممالک ڈیلیجنٹ پالیسزاور گڈ گورننس کی وجہ سے بہت تیزی سے ترقی کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان اس حوالے سے پیچھے ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 2.2 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، ہمیں ان بچوں کو تعلیمی نظام میں لانے کی ضرورت ہے۔قبل ازیں ڈاکٹر عارف علوی نے میمن کمیونٹی کے ہیروز میں میمنٹوز تقسیم کیں اور پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے مزید تعاون پر زور دیا۔تقریب سے اے پی ایم ایف کے صدر شبیر ہارون، سابق صدر حنیف موتلانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔