سیالکوٹ۔12فروری (اے پی پی):صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈاانڈسٹری سیالکوٹ ڈاکٹر مریم نعمان نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ مارچ میں شروع ہونے والی تجارتی و صنعتی نمائش "وی ایگزبٹ 2024‘‘ خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا بہترین ذریعہ ہوگا ،
اس صنعتی نمائش کے انعقاد سے نہ صرف علاقے کی خواتین کو مقامی سطح پر اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کا موقع ملے گا بلکہ اس سے نئے کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کا تعین کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے سیالکوٹ اور گردونواح سے تعلق رکھنے والی خواتین کاروباری شخصیات کو بطور نمائش کنندہ شرکت کا موقع دیا جائے گا جو یقیناً کبھی کبھار موقع ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے تحت "وی ایگزبٹ 2024‘‘ کے نام سےیہ میگا ایونٹ سیالکوٹ کی کاروباری خواتین کے لیے بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صنعتی نمائش کے انعقاد سے نہ صرف علاقے کی خواتین کو مقامی سطح پر اپنی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کا موقع ملے گا بلکہ اس سے نئے کاروباری افراد کو اپنے کاروبار کا تعین کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو سی سی آئی ایس تجارتی شعبے میں ان کی مدد کرنے اور تمام سطحوں پر کام کرنے والی خواتین کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے مشن کے ساتھ خواتین انٹرپرینیور کی خدمت کر رہی ہے۔صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ "وی ایگزبٹ 2024‘‘ جو خواتین کاروباریوں کے لیے اپنی مصنوعات کی نمائش اور اپنے کاروبار کو اگلے درجے تک لے جانے کا ایک بہترین موقع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہم نے اپنے نمائش کنندگان کے لیے پریمیم، گولڈ اور سلور پیکجز پیش کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "وی ایگزبٹ 2024‘‘ کے لیے گزشتہ سال کی نسبت زیادہ بوتھ بک کیے گئے ہیں کیونکہ گزشتہ سال ایک دن کی اس صنعتی نمائش میں پانچ سے چھ ہزار کے لگ بھگ خواتین نے شرکت کی تھی اس لیے رواں سال اس نمائش کو دو دن کے لیے کر دیا گیا ہےتاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس نمائش سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال یہ نمائش ایک پارک میں تھی لیکن اس سال یہ نمائش ایک مارکی میں رکھی گئی ہے جو کہ مکمل کورڈ ہے جس میں خواتین کی بنائی ہوئی مصنوعات کو پیش کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اس نمائش میں 80 کےقریب نمائش کنندہ تھے جو اس سال 120 سے بھی زیادہ ہونگے، ہم نے معذور کاروباری خواتین کو نمائش میں مفت سٹالز فراہم کیے ہیں تاکہ وہ بھی اس نمائش میں بھرپور شرکت کر سکیں۔