تجاوزات کاخاتمہ ہماری اولین ترجیح ہےمگر کسی بھی محنت کش کو بیروزگار نہیں کریں گے،اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا

سرگودھا۔19جنوری (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا عظیم شوکت اعوان نے کہا ہے کہ سرگودھاشہر کومثالی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کریں گے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے یونین آف جرنلسٹس کے دفتر میں میٹ دی پریس پروگرام کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سرگودھا خوبصورت لوگوں کاشہر ہے ،صحافی معاشرے کی آنکھ اورکان ہوتے ہیں اس لیے آپ علاقائی مسائل کی نشاندہی کریں،انتظامیہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے کہاکہ تجاوزات کاخاتمہ ہماری اولین ترجیح ہےمگر کسی بھی محنت کش کو بیروزگار نہیں کریں گےاس ضمن میں شہر میں ریڑھی بانوں کے لیے خصوصی بازار بناکر کاروبار کرنے کی سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں کہا کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔صفائی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشن کومشینری کی فراہمی اور عملہ کی کمی کو دور کرکے بہتری لائیں گے۔

یونین آف جرنلسٹ (برنا) کے صدر شیخ محمد رضوان جنرل سیکرٹری عبدالوہاب چوہدری، سینئر صحافی خالد اصغر شیخ نے اسسٹنٹ کمشنر کو میٹ دی پریس پروگرام میں خوش آمدید کہا اور توقع کا اظہار کیا کہ وہ شہر کی بہتری کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاکرشہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔