ترک حکومت اور عوام پاکستان کے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، ترک قونصل جنرل جمال سانگو کا ٹینٹ سٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ترک حکومت اور عوام پاکستان کے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے، ترک قونصل جنرل جمال سانگو کا ٹینٹ سٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب

حیدرآباد۔2اکتوبر (اے پی پی):کراچی میں مقرر ترکی کے قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا ہے کہ ترک حکومت اور عوام پاکستان کے سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے اور اس سلسلے میں امدادی سامان کے 14 کارگو جہاز اور 13 مال بردار ٹرینیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ضلع جامشورو کے علاقے بولہاڑی میں واقع پاکستان ایئر فورس کے ایئر بیس کے قریب رجب طیب اردوان ٹینٹ سٹی کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

ترکش قونصل جنرل نے پاکستان ایئر فورس کے ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن کمانڈ ایئر وائس مارشل زعیم افضل، سی ای او بینک اسلامی سید عامر علی اور اے ایف اے ڈی کے نمائندگان کے ہمراہ ٹینٹ سٹی کا افتتاح کیا جہاں سندھ کے سیلاب متاثرہ لوگوں کے لئے 130 خیمے لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار خیموں کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا کے بیگز اور صفائی ستھرائی کے مٹیریل سمیت دیگر سامان کی اے ایف اے ڈی کے تعاون سے فراہمی کی جائے گی۔

جمال سانگو نے مزید کہا کہ امدادی سامان کے 14 جہاز اور 13 مال بردار ٹرینیں پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی ہیں جبکہ ملیریا کی ادویات سمیت دیگر ویکسینیشن اور ادویات سے بھرا ہوا پندرہواں جہاز بروز پیر 03 اکتوبر کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس، نیوی، آرمی، این ڈی ایم اے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ترکی اپنے سیلاب متاثرہ پاکستانی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرے گا، اس تباہی کے نتیجے میں کئی افراد کی جانیں بھی ضائع ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف ترک حکومت بلکہ بچوں، خواتین اور شوبز اسٹارز سمیت ترک عوام نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے عطیات فراہم کئے ہیں کیونکہ ہمارے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترک شوبز اسٹار عبدالرحمان غازی نے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے سلسلے میں پاکستان کا دورہ کیا اورابھی وہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے عطیات اکٹھے کرنے کینیڈا گئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف سدرن کمانڈ ایئر وائس مارشل زعیم افضل نے ترک حکومت، عوام اور غیر سرکاری تنظیموں کا امداد دینے اور سیلاب متاثرین کے لئے خیمہ بستی قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان ٹینٹ سٹی ترک دوستوں، بینک اسلامی، پاکستان ایئر فورس اور اے ایف اے ڈی سمیت دیگر اداروں کے مشترکہ تعاون سے قائم کیا گیا ہے جہاں شروعاتی طور پر 130 متاثرہ خاندانوں کو رہائش فراہم کی جائے گی۔

زعیم افضل نے کہا کہ اس خیمہ بستی کو 500 خیموں تک بڑھایا جائے گا جہاں متاثرین کو کھانے پینے اور ادویات سمیت چھوٹے بچوں کے لئے دودھ بھی فراہم کی اجائے گا۔ ایئر آفیسر کمانڈنگ (اے او سی) زعیم افضل نے مزید کہا کہ اے ایف اے ڈی کے تعاون سے جلد ضلع ٹھٹہ میں بھی ایک خیمہ بستی قائم کی جائے گی جس کے لئے پاکستان ایئر فورس اپنی زمین فراہم کرے گی تاکہ سیلاب متاثرہ لوگوں کو ان کی مکمل بحالی تک سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹینٹ سٹی میں متاثرین کے لئے طبی اور تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی اور ہر خیمے میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر فلٹر پلانٹ بھی فراہم کئے جائیں گے، ٹینٹ سٹی میں متاثرین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، ترک قونصل جنرل جمال سانگو، اے ایف اے ڈی کے نائب صدر، سی ای او بینک اسلامی سید عامر علی اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں کا سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے اکثریت سندھ کے لوگوں کی ہے۔

پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی، آرمی، پولیس، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا سمیت ادویات، پینے کا صاف پانی اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ اس موقع پر ترکش ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے نائب صدر نے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی نقصان پر سوگوار خاندانوں کے ساتھ دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں اے ایف اے ڈی پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ ان کی بحالی تک جاری رکھے گا۔ اس موقع پر بینک اسلامی کے سی ای او سید عامر علی نے “اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بینک ضلع جامشورو میں خیمہ بستی کے قیام کے حوالے سے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔