لاہور۔27فروری (اے پی پی):وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ ایک سال میں گووننس کے میدان میں جو مثبت تبدیلیاں آ ئیں وہ عوام کے سامنے ہیں۔ تعلیم اور صحت کا شعبہ وزیر اعلی کی اولین ترجیح ہیں۔
ایک سال مختصر عرصہ مختلف شعبہ جات میں 90سے زیادہ منصوبوں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ صوبے میں ہر کام میرٹ پر کیا جا رہا ہے۔ پبلک ہیلتھ انسٹیوٹ کے شکر گزار ہیں جو صحت عامہ کے پروگرامز میں حکومت کے شانہ بشانہ خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ صوبے میں ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ادارے کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ ادارہ ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے پروگرامز میں بھی معاونت مہیا کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے جمعرات کے روز انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی 26ویں سالانہ تقریبات کے اختتام پر سپورٹس اینڈ آرٹس کمپٹیشن کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب کے دیگر شرکا میں بین الاقوامی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر گوہر، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر سارہ افضل اور آ ئی پی ایچ کے فیکلٹی ممبران شامل تھے۔
صوبائی وزیر نے پروفیسر ڈاکٹر سارہ افضل کو 20سال کی طویل مدت کے بعد ادارے کی سالانہ تقریبات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انسٹیٹیوٹ جیسے اداروں میں سپورٹس اینڈ آرٹ سے متعلق سرگرمیوں کا انعقاد خوش آ ئند ہے۔ طلبہ کی ذہنی صحت کے لیے تعلیم اور تحقیق کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔
پبلک ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تقریب سے اپنے خطاب میں بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پنجاب سے ملیریا اور ڈینگی کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے بہت جلد پنجاب کو ملیریا فری زون بنائیں گے اس مقصد کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے بھر پور تعاون کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔
ڈینگی کے خاتمے کے لیے ایسی مچھلیاں اور پودے لا رہے ہیں جو بیماری پیدا کرنے والے مچھروں کی افزائش میں کنٹرول کو یقینی بنائیں گی۔ ملیریا اور ڈینگی پر کنٹرول کے لیے تیار کردہ ماڈل دیگر بیماریوں کے کنٹرول میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
صوبائی وزیر نے ڈاکٹر سارہ افضل کی جانب سے پنجاب کو ملیریا فری زون بنانے کے عزم کے اظہار پر ادارے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ نے ماضی میں بھی صوبے میں صحت کے میدان میں اہم خدمات سر انجام دیں ہیں امید ہے کہ آ ئند ہ بھی مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صوبائی وزیر نے بین الاقوامی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر گوہر کی تقریب شرکت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب میں ڈبلیو ایچ او کی خدمات کو سراہا اور وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں باہمی اشتراک کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر نے کھیلوں کے مقابلوں یں حصہ لینے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے فیکلٹی ممبرز کے ہمراہ رسہ کشی اور میوزیکل چیئر کے مقابلے میں حصہ لیا اور سٹوڈنٹس کا مورال بلند کیا۔ آخر میں انہوں نے جیتنے والے طلبہ و طالبات اور فیکلٹی ممبرز میں اعزازات تقسیم کیے اور ان کے ساتھ تصویریں اتروائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567178