جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور بہترین صفائی کے انتظامات کیلئے پنجاب بھر کی انتظامیہ کو متحرک کردیا ہے، حمزہ شہباز

نو منتخب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عہدے کا حلف اٹھالیا،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے حلف لیا

لاہور۔2جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی صدارت میں صفائی پلان سے متعلق خصوصی اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عید الاضحی پر پنجاب بھر میں صفائی کے انتظامات پر بریفنگ لی اور حتمی پلان کی منظوری دیتے ہوئے کنٹرول روم بنانے اور صفائی پلان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا۔

حمزہ شہباز نے عید کے دنوں میں متوقع بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کی بھی ہدایت کردی۔وزیراعلی نے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے اور بہترین صفائی کے انتظامات کیلئے پنجاب بھر کی انتظامیہ کو متحرک کردیا ہے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت ٹھکانے لگائی جائیں اور متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام اضلاع میں عملے کو الرٹ رکھا جائے اور نکاسی آب کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نےمزید ہدایت کی کہ صفائی پلان کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے اور اس پلان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کرایا جائے۔وزیراعلی کی دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں برس عید الاضحی پر 1086 گاڑیاں فیلڈ میں ہوں گی جبکہ گزشتہ برس 480 گاڑیاں فیلڈ میں تھیں، الائشیں اٹھانے کے لئے3516 پک اپ کرائے پر لے رہے ہیں، آلائشیں اکٹھا کرنے کیلئے یونین کونسل کی سطح پر 280 کیمپ لگائے جائیں گے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر اضلاع کے انتظامی افسران عید الاضحی پر فیلڈ میں موجود رہیں، گنجان آبادیوں میں صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمشنر لاہورڈویژن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی پر صفائی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ خواجہ احمد حسان، چوہدری شہباز احمد، افتخار احمد، کبیر تاج، صبغت اللہ سلطان، غلام دستگیر، عمران گورایہ، سیکرٹری بلدیات، ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔