ملتان۔ 22 اپریل (اے پی پی):جنوبی پنجاب میں انسداد پولیو قومی مہم کے دوسرے روز بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلا رہی ہیں۔سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین جنوبی پنجاب کے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور منگل کے روز انہوں نے ٹیموں کی کارکردگی چیک کرنے کےلئے ضلع لیہ کا دورہ کیا۔سپیشل سیکریٹری نے مختلف مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی اور کارکردگی کو چیک کیا۔
انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اور فنگر مارکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں 80 لاکھ 28 ہزار 760 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 31374 ٹیمیں مختلف علاقوں میں پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف عمل ہیں۔ محمد شہباز حسین نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ ویکسین ہماری آئندہ صحت مند نسلوں کی ضامن ہے اس لئے والدین اپنے پانچ سال کے کم عمر بچوں کو ہر صورت پولیو ویکسین پلوائیں۔انہوں نے پولیو مہم کے دوران فیلڈ پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کے قومی جذبہ اور لگن کی بھی تعریف کی۔