جہلم، موسم سرما کی چھٹیوں میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھولنے پر مکمل پابندی عائد

98
jhelum

جہلم۔08 دسمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم نے موسم سرما کی تعطیلات کے دوران پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھولنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

احکامات کے مطابق چھٹیوں کے دوران سکولوں میں پیپرز لینے کی بھی اجازت نہیں ہوگی، دوران تعطیلات اساتذہ کو بھی سکول آنے کا پابند نہیں بنایا جاسکے گا، احکامات کی خلاف ورزی پر موقع پر بھاری جرمانہ یا سکول رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔ ایجوکیشن اتھارٹی نے انسپکشن کے لئے ابھی سے ٹیمیں تشکیل دینا شروع کر دی ہیں۔

چاروں تحصیلوں کی مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے سخت نگرانی کی جائے گی۔ چھٹیوں کے دوران سکول کھولنے پر 2 لاکھ روپے جرمانہ یا رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔محکمہ تعلیم کے کے مطابق احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا۔