جی ایس پی پلس کی وجہ سے یورپ کو کی جانے والی 80فیصد برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ پچاس فیصد ہے، رانا یاسر عرفات

فیصل آباد۔ 25 نومبر (اے پی پی):وزارت ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری رانا یاسر عرفات نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کی سہولت کی وجہ سے پاکستان کی 80فیصد برآمدات یورپ کو جارہی ہیں جن میں سے فیصل آباد کا حصہ پچاس فیصدہے۔ انہوں نے وفد کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورہ اورعہدیداران و ممبران سے ملاقات کے دوران نقصان دہ کیمیکلز کے …

فیصل آباد۔ 25 نومبر (اے پی پی):وزارت ماحولیاتی تبدیلی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری رانا یاسر عرفات نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کی سہولت کی وجہ سے پاکستان کی 80فیصد برآمدات یورپ کو جارہی ہیں جن میں سے فیصل آباد کا حصہ پچاس فیصدہے۔

انہوں نے وفد کے ہمراہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورہ اورعہدیداران و ممبران سے ملاقات کے دوران نقصان دہ کیمیکلز کے استعمال کو کم کرنے کےلئے علاقائی سطح پر شروع کئے جانے والے منصوبے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپین یونین نقصان دہ کیمیکل کی تیاری پر بتدریج پابندی عائد کر رہی ہے اور ممکن ہے کہ چند سالوں بعد یہ مارکیٹ میں دستیاب ہی نہ ہو جس سے ان کا پورا صنعتی عمل متاثر ہو سکتا ہے اس لئے انہیں بروقت ان کے متبادل تلاش اور استعمال کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایس ایم ای سیکٹر کی میپنگ کے بعد ان میں سے 125 اداروں کا انتخاب کریں گے جن کو نقصان دہ کیمیکل کے متبادل بارے ویب سائٹ کی مفت سبسکرپشن دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کپڑوں کی تیاری میں نقصان دہ کیمیکل استعمال کئے جا رہے ہیں جن سے کینسر پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نقصان دہ کیمیکل کی روک تھام لوگوں کی صحت اور خاص طور پر برآمدات کے لئے عالمی قوانین کی پابندیوں کے لئے ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال تک کاربن کریڈٹ بارے پورٹل بھی کام شروع کر دے گا۔اس موقع پر صدر فیصل آباد چیمبر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ آنے والے سالوں میں صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کیلئے عالمی سطح پر ہونے والی قانون سازی اور اقدامات سے بروقت آگاہی ضروری ہے اور فیصل آباد چیمبر اس سلسلہ میں وزارت ماحولیاتی تبدیلی سے مل کر سیمینار منعقد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کے لئے برآمد کنندگان اس سلسلہ میں تمام پابندیوں سے آگاہ ہیں اور اُن پر عمل بھی کر رہے ہیں مگر ایس ایم ای سیکٹر سے وابستہ صنعتوں کو آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ پراجیکٹ کے نیشنل کوآرڈی نیٹر ساجد رضا نے پائلٹ پراجیکٹ کے خدو خال بیان کئے اور بتایا کہ ان سے آگاہی ضروری ہے۔ آخر میں ایگزیکٹو ممبر وحید خالق رامے نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور صدر فاروق یوسف شیخ نے انہیں چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی پن لگائی اور شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد سرفراز اور راشد گھمن ودیگر بھی موجود تھے۔