حتمی مردم شماری ہوگئی تو انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے،وفاقی وزیر قانون

پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے ، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف کا سیمینار سے خطاب

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہورہی ہےجو 30 اپریل تک مکمل ہونی ہے،مردم شماری کے تحت آئندہ انتخابات آئینی معاملہ ہے اگر حتمی مردم شماری ہوگئی تو انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران سینیٹر بہرہ مند تنگی اور سینیٹر ہدایت اللہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ 2017 میں مردم شماری پر کافی اعتراضات آئے،2018 کے انتخابات کو قانونی حیثیت دینے کےلئے آرٹیکل 51 میں ترمیم کرکے ایک وقت کےلئے پرویژنل مردم شماری کرانے کی اجازت دی گئی۔

موجودہ حکومت نے 23-2022 کے مالی سال میں مردم شماری کےلئے 35 ارب روپے مختص کئے۔ ملک بھرمیں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری ہورہی ہے۔ یکم مارچ سے مردم شماری جاری ہے جو کہ 30 اپریل تک مکمل ہونی ہے۔ مردم شماری کے تحت آئندہ انتخابات آئینی معاملہ ہے اگر حتمی مردم شماری ہوگئی تو انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت ہوں گے۔