حضرت داتا گنج بخش کے 979 ویں عرس کی تقریبات کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،سید رفاقت علی

لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی سید رفاقت علی نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش کے 979 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سید طاہر رضا بخاری اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شاہد ورک ان کے ہمراہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ عرس مبارک 15 تا 17ستمبر کو آستانہ عالیہ پر منعقد ہو گا اور تقریبات کا باقاعدہ آغاز 15ستمبر کو رسم چادر پوشی سے ہو گا اور حسب روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیا جائے گا۔ عرس کے موقع پر دینی، روحانی محافل اور علمی نشستوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔تقریبات میں 500 سے زائد علما ومشائخ، سجادگان، اکبر علما اور مذہبی سکالرز، قرا اور نعت خواں حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی 200 سے زائد روحانی اور خانقاہی شخصیات، معروف آستانوں کے سجادگان،حضرت خواجہ غریب نواز کی خانقاہ کے سجادہ نشین سید بلال چشتی، خواجہ فرید الدین فخری سجادہ نشین اورنگ آباد شریف (بھارت)،پیر سید دیوان طاہر نظامی سجادہ نشین درگاہ خواجہ نظام الدین محبوب الہی (بھارت) شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کے تحفظ کیلئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں اور اس ضمن میں 133عدد سکیورٹی و کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کیلئے نصب کر دئیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ایک الگ سے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس میں 16 ایل سی ڈیز نصب ہوں گی۔دوران عرس مبارک محکمہ پولیس نے 3000 پولیس اہلکاران تعینات جن میں 3 ایس پیز، 7 ڈی ایس پیز شامل ہونگے۔