حکومت بلوچستان نے وحدت کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے انڈر سیکرٹری آفتاب جبل اور ڈرائیور مسعود احمد کو معطل کر دیا ہے ۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ واقعہ کا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے زیر الزام متعلقہ سرکاری ملازمین
حکومت بلوچستان کی وحدت کالونی میں پیش آئےافسوسناک واقعہ پر کارروائی، انڈر سیکرٹری اور ڈرائیور معطل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):حکومت بلوچستان نے وحدت کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے انڈر سیکرٹری آفتاب جبل اور ڈرائیور مسعود احمد کو معطل کر دیا ہے ۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا ہے کہ واقعہ کا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے زیر الزام متعلقہ سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت جاری کی تھی جس کے بعد دونوں اہلکاروں کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت واقعہ کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور اس سلسلے میں شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی تحقیقات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تحقیقات کی روشنی میں ذمہ دار افراد کے خلاف مزید قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ شاہد رند نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ سرکاری افسران اور اہلکاروں کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ان کے حقوق کے دفاع کو حکومت بلوچستان اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قانون کی حکمرانی، شفافیت اور احتساب کے اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کسی بھی واقعہ میں ملوث یا غفلت کے مرتکب عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا ۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ سے متعلق جامع رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے تاکہ حقائق کی روشنی میں مزید ضروری اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی اور ذمہ داران کے تعین کے لیے تمام دستیاب قانونی و انتظامی وسائل بروئے کار لائے گی۔







