لاہور۔20نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں،حکومت خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی تقریب تقسیم اسناد سے …
حکومت خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی،چوہدری شافع حسین

مزید خبریں
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں،حکومت خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزیر نے تربیت حاصل کرنے والی خواتین سرمایہ کاروں اور مینٹورز میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں،خواتین کی ترقی کیلئے وزیر اعلی پنجاب نے خاطر خواہ فنڈز فراہم کئے ہیں۔خواتین کیلئے پہلا ورچوئل پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا ہے جبکہ پنک الیکٹرک ٹیکسی سکیم لائی جا رہی ہے،جس میں خواتین ڈرائیور ہوں گی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں خواتین کیلئے سٹییچنگ کی کلاسز جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا بھی اجرا کیا گیا ہے جس میں خواتین کیلئے سفر کی بہترین اور محفوظ سہولیات موجود ہیں،وزیراعلی پنجاب آسان کاروبار فنانس سکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے بلاسود قرض دیا جا رہا ہے۔وزیر اعلی نے سیالکوٹ میں 1400ایکڑ بنجر اراضی پر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام جبکہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے بڑے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ خواتین سرمایہ کار پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں سے فائدہ اٹھائیں،حکومت خواتین کیلئے روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ہماری خواتین میں بے پناہ صلاحیت،ہمت اور تخلیقی سوچ موجود ہے،ان کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرکے ہی معاشرے کو ترقی دی جاسکتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر خواتین کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔یہاں خواتین سرمایہ کاروں کی سکلز بڑھانے کیلئے تربیت فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،میں تربیت مکمل کرنیوالی خواتین سرمایہ کاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صوبائی وزیر نے تقریب میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور یہاں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب سعدیہ تیمور،ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر، ڈاکٹر شہلا جاوید،صنعتکار ذکی اعجاز، ویمن چیمبر لاہور کی صدر اور خواتین سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ویمن بزنس انکو بیشن سینٹر کی کنسلٹنٹ ڈاکٹر منیبہ افتخار نے ادارے کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔








