حکومت سندھ کا نیو سبزی منڈی میں خصوصی ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ

حکومت سندھ نے نیو سبزی منڈی میں ٹرانسپورٹرز کی سہولت کیلئے خصوصی ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات

کراچی۔ 09 جون (اے پی پی):حکومت سندھ نے نیو سبزی منڈی میں ٹرانسپورٹرز کی سہولت کیلئے خصوصی ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نیو سبزی منڈی میں قائم کیے جانے والے اس ون ونڈو فیسلیٹیشن ڈیسک کا مقصد کراچی آنے والی مال بردار اور کمرشل گاڑیوں کو روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کے اجراء اور تجدید کی سہولت ایک ہی جگہ پر فراہم کرنا ہے۔اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک اہم اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو ایک ہی مقام پر تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام کی منظوری دی گئی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اقدام کا بنیادی مقصد 30 جون 2026 تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو حکومت سندھ کے ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کی تکمیل، ٹرانسپورٹرز کو بروقت سہولتوں کی فراہمی اور مالی سال 2025-26 کے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ فیسلیٹیشن ڈیسک کو آئندہ ایک ہفتے کے دوران مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ عملے کی تعیناتی، آگاہی مہم، بینرز اور عوامی نوٹسز سمیت تمام ضروری انتظامات بھی مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹرانسپورٹرز اس سہولت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی خدمات اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مکمل ڈیجیٹائزیشن کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو زیادہ موثر، شفاف اور آسان خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو سبزی منڈی میں فیسلیٹیشن ڈیسک کے قیام سے ٹرانسپورٹرز کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی جبکہ ڈیجیٹل روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے نظام کے ذریعے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ممکن ہو سکے گی۔