حکومت سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ پر اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی، وفاقی وزیر قانون و انصاف

Azam Nazir Tarr
Azam Nazir Tarr

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ قابل مذمت ہے، حکومت اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر اس حوالے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گی، حکومت اپنی بین الاقوامی اور سفارتی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس معاملے پر کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے حوالے سے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قرآن پاک کو اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺکی وساطت سے تمام اقوام عالم کے لئے نازل فرمایا ہے، اس میں دوسروں کی رائے کا احترام کرنے، وراثتی حقوق، انسانی حقوق سمیت دیگر مسائل کا حل موجودہے، یہ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں، عالم انسانیت کے لئے ہے، مہذب قوموں میں اس طرح کی پراگندہ ذہنیت کا ہونا لمحہ فکریہ ہے،

اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، ہم بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کا حق رکھتے ہیں، غیر مسلم بہن بھائیوں نے ایوان میں ہمیشہ اس معاملے پر ہمارا ساتھ دیا ہے، حکومت ہر فورم پر اس معاملے کو اٹھائے گئے، حکومت اپنی بین الاقوامی اور سفارتی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس معاملے پر کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی،

ماضی میں ایسے واقعات پر اپنی املاک کو جلایا گیا، احتجاج بھی نپے تلے انداز میں ہونا چاہیے، ہم ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گے، خون کے آخری خطرے تک اپنے دین کی حفاظت کریں گے، حکومت اس معاملے پر اقوام متحدہ یورپی ممالک سمیت ہر فورم پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔