12.7 C
Islamabad
جمعہ, فروری 28, 2025
ہومعلاقائی خبریںحکومت ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے، رومینہ...

حکومت ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے، رومینہ خورشید

- Advertisement -

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون برائے ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہے، شہری جنگلات ہماری وسیع تر ماحولیاتی حکمت عملی کا ایک بنیادی حصہ ہیں، ہم فطری حل کو ترجیح دے رہے ہیں جو ہمارے ماحولیاتی اہداف اور بین الاقوامی وعدوں کے مطابق ہیں، شجرکاری صرف خوبصورتی بڑھانے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ صحت مند کمیونٹیز کے قیام، پائیدار شہری ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانے اور آنے والی نسلوں کے لئے ماحولیاتی ریزیلینس کو یقینی بنانے کا ایک ذریعہ ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں سی ڈی اے اور نیسلے پاکستان کے زیر اہتمام ایک لاکھ درخت لگانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماحولیاتی تبدیلی کے محاذ پر کھڑے ہیں، شہری جنگلات کی اہمیت کسی طور پر کم نہیں کی جا سکتی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ شہروں کی توسیع تیز رفتاری سے جاری ہے جس کے نتیجے میں آلودگی، درجہ حرارت میں اضافہ اور سبز علاقوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے نجی شعبے، سول سوسائٹی اور عوام پر زور دیا کہ وہ آج کی شجرکاری مہم سے تحریک لیں، ہمیں مل کر ان کوششوں کو وسعت دینا چاہئے، پائیدار زمین کے استعمال کے طریقے اپنانا چاہئے، شہری علاقوں کو بحال کرنا چاہئے اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دینا چاہئے۔

انہوں نے سی ڈی اے اور نیسلے پاکستان کو اس قیمتی اقدام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم درخت لگاتے رہیں، ان کی پرورش کریں اور اپنے شہری ماحول کی حفاظت کریں کیونکہ آج لگایا گیا ہر درخت ایک سرسبز اور پائیدار کل کی طرف ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس اہم شہری شجرکاری اقدام میں آپ کے ساتھ شامل ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ ایک ایسا اقدام ہے جو ہمارے مشترکہ عزم کو ایک سرسبز اور پائیدار پاکستان کی طرف ظاہر کرتا ہے۔ رومینہ خورشید عالم نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور نیسلے پاکستان کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی اقدامات قابل ستائش ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567123

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں