حکومت معاشرے کے پسماندہ طبقات کو تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، وفائی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے اعلیٰ تعلیم تک رسائی وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ موجودہ حکومت معاشرے کے پسماندہ طبقات کو تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بدھ کو ہائیر ایجوکیشن اور افرادی قوت کی ترقی کے بارے میں بین الاقوامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سربراہی اجلاس پاکستان کی ترقی کی ترجیحات کے تناظر میں ایک بروقت اقدام ہے کیونکہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام کے لیے امریکی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے جس میں پرائمری اور بنیادی تعلیم سے لے کر اعلیٰ تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سنٹرز آف ایکسیلنس کے قیام تک شامل ہیں۔تقریب میں پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم، ریاست یوٹاہ کے سینیٹر ڈاکٹر کیتھ گروور، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی، ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں نوجوان نہ صرف اپنی مستقبل کی تعلیم کے بارے میں فکر مند ہیں بلکہ اپنی معاش، اپنی ذہنی صحت اور تندرستی کے بارے میں بھی فکر مند ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی نے پہلے ہی انکی صحت بالخصوص نفسیاتی معاونت کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح کا تخمینہ 8.5 سے 10 فیصد کے درمیان ہے، 80 فیصد نوجوانوں کی افرادی قوت کے پاس تعلیم کی سطح کم ہے اور اس کی بنیادی وجہ مہارتوں کے معیار، رسائی اور مطابقت میں فرق ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بحیثیت قوم کلیدی چیلنجوں کا سامنا ہے کہ ہم اپنی نوجوان آبادی کو قومی ترقی کے ایجنڈے اور ترجیحات کی حمایت کے لیے درکار علم اور ہنر سے کیسے آراستہ کریں، اور دوسری طرف، اگر ہم اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں صحیح سمت میں استعمال کرنے میں ناکام رہے تو یہ سب سے بڑا موقع ضائع ہو جائے گا۔یہ بین الاقوامی سربراہی اجلاس پالیسی مکالموں، سمپوزیموں، سیمینارز اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے اعلیٰ تعلیم سے متعلق امور پر ماہرین کی مشاورت کے سلسلے میں پہلا اجلاس ہے۔