حکومت کا گوگل پیڈ ایپس کےتحت ادائیگیوں کی اجازت جاری رکھنے کافیصلہ

وزارت آئی ٹی

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی): گوگل کوادائیگیاں شیڈول کے مطابق کی جاسکیں گی، پیڈ گوگل ایپس بند نہیں ہوں گی،حکومت پاکستان نے اس حوالہ سے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگیوں کے بجائے ایپس کےتحت ادائیگیوں کی اجازت جاری رکھنے کافیصلہ کیا ہے ۔

وزارت خزانہ نے وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی تجویز مانتے ہوئے گوگل کو ادائیگیوں کے حوالے سے رضا مندی ظاہر کردی ۔ وزارت آئی ٹی کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر انفارمیشن وٹیکنالوجیز سید امین الحق نے کہا ہے کہ گوگل کوادائیگیاں شیڈول کے مطابق کی جاسکیں گی، پیڈ گوگل ایپس بند نہیں ہوں گی۔اس حوالے سےوزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق سے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ نے رابطہ کیا اور بتایا کہ سٹیٹ بینک کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ فی الحال ایک ماہ تک پالیسی پر عملدرآمد مؤخر کردیا گیا ہے۔ٹیلی کام آپریٹرز کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیاہے۔ایک ماہ کے اندر وزارت آئی ٹی، خزانہ اور سٹیٹ بینک باہمی مشاورت سے مستقل لائحہ عمل مرتب کریں گے۔

انہوں نے کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے وزارت آئی ٹی سے معاملے پر معاونت کی اپیل کی تھی جس کے پیش نظروزیرخزانہ اسحاق ڈار کو ادائیگیاں کرنے اور ٹائم فریم دینے کیلئے مراسلہ لکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بروقت فیصلے پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ کے شکر گزار ہیں۔\932