خشک سالی کے بڑھتے خطرات، ریاض عالمی شراکت داری انیشیٹو کا اعلان

78
Abdul Rahman Al-Fazli
Abdul Rahman Al-Fazli

ریاض۔3دسمبر (اے پی پی):سعودی وزیر ماحولیات، پانی وزراعت عبدالرحمٰن الفضلی نے دنیا میں خشک سالی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ’’ریاض عالمی شراکت داری انیشیٹو‘‘ کا اعلان کر دیا ۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے خشک سالی اور زمین کے انحطاط سے نمنٹے کےلیے اقدامات تیز کرنے کا عزم کیا۔ ریاض میں کوب 16 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ماحولیات نے کہا کہ مملکت کی جانب سے زراعت میں بہتری اور غذائی تحفظ کے جامع قومی منصوبوں پر کام جاری ہے جس کا مقصد خوراک کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ضیاع کو 50 فیصد سے کم سطح پر لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مملکت نے پانی کے ذرائع کے تحفظ کے لیے بھی قومی حکمت عملی کی منظوری دی ہے، متعدد جہتوں پر کام جاری ہے جن میں واٹر ری سائیکلنگ کا منصوبہ شامل ہے۔ میئرریاض شہزادہ فیصل بن عیاف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کو خشک سالی کے حوالے سے جس چیلنج کا سامنا ہے مملکت اس سے نمٹنے کےلیے پرعزم ہے۔انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے حالات عالمی ماحولیات کے لیے خطرہ ہوتے ہیں جس کا سامنا سب کو کرنا پڑتا ہے خاص طور پر ان سے شہروں کی ترقی متاثر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے 16 ویں کنونشن ’’کوب 16‘‘ برائے انسداد خشک سالی کے حوالے سے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کے تحت ریاض میں عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں مختلف ممالک کی اہم شخصیات اور ادارے شرکت کررہے ہیں۔کانفرنس 13 دسمبرتک جاری رہے گی جس میں دنیا کو خشک سالی کے خطرے سے محفوظ رکھنے کےلیے عالمی مفکرین اور ماہرین اپنی آرا پیش کریں گے۔