آئین پاکستان ہماری آزادی کا اصل ضامن ہے ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا آئین کی منظوری کی گولڈن جوبلی کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب

خواتین پارلیمنٹرینز صنفی تفریق مٹانے اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آئین پاکستان ہماری آزادی کا اصل ضامن ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کی منظوری کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کا انعقاد اور جمہوریت کے گمنام ہیروز جنہوں نے ملک میں جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اُن کی یادگار سے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بےنظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت، آئین کی بالاستی اور قانوں کی حکمرانی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔انہوں نے کہا کہ سال 2023 کو آئین کے گولڈن جوبلی کے سال کے طور پر منایا جائے گا اور ملک بھر میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں گولڈ جوبلی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریت نے آئین کی گولڈن جوبلی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے متعدد پروگرام ترتیب دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گولڈن جوبلی منانے کا مقصد نوجوان نسل کو جمہوریت اور آئین کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں گولڈن جوبلی تقریبات میں غیر ملکی سپیکرز اور پریزائیڈنگ آفیسرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک کو متفقہ آئین دیا اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین پاکستان کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا اور پارلیمنٹ کو حاصل اختیارات واپس کیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زردادی نے بطور وزیر خارجہ جو کار ہائے نمایاں سرانجام دیے ہیں اُس پر قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئین کی گولڈن جوبلی کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو بروز پیر پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں قائم گمنام ہیروز کی یادگار کے سامنے منعقد ہوئی۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی/وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، سابق وزیر اعظم سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی، سابق چیئر مین سینٹ رضا ربانی، سینیر فرحت اللہ بابر، اراکین قومی اسمبلی و سینٹ اور ارکین صوبائی اسمبلی، سول سوسائٹی، میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سال 2023 کو گولڈن جوبلی کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان میں تمام شعبہ ہائے زندگی کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان 1973 نے عام شہری کو اپنا نمائندہ نامزد کرنے کا موقع دیا گیا اور طاقت ور طبقے کو مجبور کیا گیا وہ عام آدمی سے ووٹ مانگنے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجہ کہ آج مزدور، کسانوں اور معاشرے کے دیگر پسے ہوئے طبقات شہید ذوالفقار علی بھٹو کو یاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ1973 کے آئین نے ملک میں بسنے والے تمام طبقات کو نمائندگی اور صوبوں کو ان کے حقوق دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی آئین کے خلاف کوئی فیصلہ کیا گیا تو ملک کو نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آئین پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر ہم اپنے مسائل پر قابو پا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے گزشتہ دور حکومت میں ملک کے جمہوری نظام کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کو صحیح طریقے سے چلانے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی اپنا مثبت آئینی کردار ادا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک جن سنگین حالات سے گز رہا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا اور ملک کو درپیش مسائل کو زیر غور لا کر اُن کا حل تلاش کیا جائے گا۔

انہوں نے اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور سینیٹر میاں رضا ربانی کو مبارکباد دیتے ہوئے اس سلسلے میں اُن کی کاوشوں کو سراہا۔ سابق وزیر اعظم و سینیٹر سید یوسف رضا رگیلانی اور سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے بھی آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئین پاکستان کی بالاستی کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے گمنام ہیروز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1973 کے متفقہ آئین نے وفاق کو تحفظ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی یہ گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز جمہورت کے گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کی یادگار سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کو اُس کی اصل حالت میں بحال کرنے کا کریڈٹ سابق صدر شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے ملک کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔