خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز اینڈ اکیڈمکس نے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے اپنے تمام الحاق شدہ اور آئینی اداروں میں مختلف انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے ‘کے ایم یو سینٹرلائزڈ ایڈمیشن ٹیسٹ (کیٹ 2026)’ کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے انڈرگریجویٹ پروگرامز کے لیے سینٹرلائزڈ ایڈمیشن ٹیسٹ کا اعلان کردیا

مزید خبریں
پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز اینڈ اکیڈمکس نے تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے اپنے تمام الحاق شدہ اور آئینی اداروں میں مختلف انڈرگریجویٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے ‘کے ایم یو سینٹرلائزڈ ایڈمیشن ٹیسٹ (کیٹ 2026)’ کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
کے ایم یو پشاور تر جمان کے مطابق اس مرکزی ٹیسٹ کے ذریعے ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، فارم ڈی، بی ایس نرسنگ (جنرل)، بی ایس الائیڈ ہیلتھ سائنسز، بی ایس پبلک ہیلتھ، بی ایس میڈیکل مائیکرو بائیولوجی، بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس، بی ایس اسپیچ اینڈ لینگویج پیتھالوجی، آکیوپیشنل تھراپی، پروستھیٹکس اینڈ آرتھوٹکس، آڈیالوجی، بی ایس آپٹومیٹری، بی ایس کلینیکل سائیکالوجی اینڈ بیہیویرل سائنسز اور بی ایس ایستھیٹک اینڈ اسکن کیئر ٹیکنالوجی جیسے انتہائی اہم اور مقبول شعبہ جات میں داخلے دیے جائیں گے۔اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 10 جون 2026ء سے ہوگا جو 10 جولائی 2026ء تک جاری رہے گا، جبکہ ٹیسٹ کا انعقاد 26 جولائی 2026ء کو کیا جائے گا۔ امیدواروں کو اپنے نمبر بہتر کرنے کے لیے متعدد مواقع فراہم کرنے کی غرض سے اگلے ٹیسٹ بالترتیب 20 ستمبر 2026ء اور 25 اکتوبر 2026ء کو شیڈول کیے گئے ہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ نے خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں کے طلبہ کی سہولت اور رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پشاور، اسلام آباد، سوات، مردان، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ہری پور، چترال اور پاڑہ چنار سمیت تیرہ شہروں اور خطوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔اہلیت کے معیار کے مطابق ایسے تمام امیدوار جنہوں نے ایف ایس سی (پری میڈیکل) یا اس کے مساوی امتحان پاس کر رکھا ہے، یا جو امتحانی نتائج کے منتظر ہیں، ٹیسٹ کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔ درخواست کے طریقہ کار کے مطابق امیدواروں کویونیورسٹی کے آن لائن پورٹل (https://cat.kmu.edu.pk) پر اپنا اکاؤنٹ بنا کر متعلقہ ٹیسٹ کی تاریخ اور مرکز کا انتخاب کرنا ہوگا، اور خود کار طریقے سے تیار کردہ فیس چالان کے ذریعے بینک آف خیبر کی کسی بھی برانچ میں تین ہزار روپے پروسیسنگ فیس جمع کروانا ہوگی۔یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹیسٹ کی تاریخ سے کم از کم ایک ہفتہ قبل پورٹل سے اپنے رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر لیں۔ اپنے نمبروں میں بہتری کے خواہشمند طلبہ نئی فیس جمع کروا کر اگلے ٹیسٹوں کے لیے دوبارہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ ٹیسٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات اور اپ ڈیٹس کے لیے متعلقہ امیدواران کو باقاعدگی سے یونیورسٹی کا کیٹ پورٹل وزٹ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔







