خیبر پختونخوا میں جاری بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 27 افراد جاں بحق ، 38 افراد زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے

151
Khyber Pakhtunkhwa, PDMA
Khyber Pakhtunkhwa, PDMA

پشاور۔ 03 مارچ (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ چار دنوں کے دوران جاری بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے حادثات کے نتیجے میں اب تک 27 افراد جاں بحق جبکہ 38 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ چار دنوں کے دوران صوبہ بھر میں جاری بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے حادثات کے نتیجے میں اب تک 27 افراد جاں بحق جبکہ 38 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں میں 129 گھروں کو جزوی جبکہ 33 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے. وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور نے متاثرہ افراد کو فوری طور پر ریلیف مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلی نے کہا ہے کہ بند راستوں کو کھولنے کےلیے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلی نے تمام متعلقہ اداروں پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ ،ریسکیو1122 کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ عوام کو بروقت ریلیف پہچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔