دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کے 15رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

کراچی۔15دسمبر (اے پی پی):دورہ پاکستان کیلئے نیوزی لینڈ کے 15رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کے اعلان کے بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹم ساوتھی کیویز کی قیادت کریں گے۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر کین ولیمسن کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ کین ولیمسن بلیک کیپس ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہے ہیں اور ٹم ساوتھی قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ ٹام لیتھم کو ٹیسٹ نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ نے 40ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے 22میں کامیابی جبکہ 10میں شکست ہوئی اور 8بے نتیجہ رہے۔

بطور کپتان کین ولیمسن نے 40میچز میں 8سنچریاں سکور کیں اور ان کا بیٹنگ اوسط 79رہا۔نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف رواں ماہ کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں نیوزی لینڈ کی کپتانی ٹم ساتھی کریں گے جبکہ لیگ اسپنر اِش سودھی کی چار سال بعد واپسی ہوئی ہے،

اس کے علاوہ بلیئر ٹکنر اور گلین فلپس کو بھی نیوزی لینڈ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔کیوی سکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں مائیکل بریسویل، ٹام بلنڈیل، ڈیون کانوے، میٹ ہینری ،ٹام لیتھم، ڈیرل مچل،ہینری نکولس، اعجاز پٹیل،کین ولیم سن ،نیل ویگنر اور ول ینگ شامل ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلا ٹیسٹ 26دسمبر سے کراچی، دوسرا 3جنوری سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔