14.9 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومتجارتی خبریںروانڈا چھوٹا افریقی ملک ہونے کے باوجود ہائی گروتھ، امن وامان، سکیورٹی...

روانڈا چھوٹا افریقی ملک ہونے کے باوجود ہائی گروتھ، امن وامان، سکیورٹی اورپالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے سرمایہ کاری کےلئے بہترین ملک ہے،ہائی کمشنر

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 27 فروری (اے پی پی):پاکستا ن میں جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر ہیریمانا فاتو نے کہا ہے کہ چھوٹا افریقی ملک ہونے کے باوجودروانڈا ہائی گروتھ، امن وامان، سکیورٹی اورپالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے سرمایہ کاری کےلئے بہترین ملک ہے ،اس کے ذریعے مشرقی افریقا کی بڑی اور مشترکہ مارکیٹ تک رسائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روانڈا میں زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور رئیل سٹیٹ سیکٹر سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں ، فاضل پیداوار کو بغیر اضافی اخراجات کے دوسرے افریقی ملکوں کو بھی برآمد کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا میں کافی تعداد میں پاکستانی بھی موجود ہیں جو پاکستانی سرمایہ کاروں کی رہنمائی کا فریضہ سر انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے روانڈا کو سرمایہ کا ر دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ افریقا میں خام مال کی بہتات ہے اس لئے خاص طور پر فیصل آباد کے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو وہاں اپنے یونٹ قائم کرنے چاہئیں۔ ڈیوٹیوں کے بارے میں انہوں نے اس کو ڈبل ٹیکسیشن کا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں بات چیت جاری ہے اور توقع ہے کہ چند ماہ کے دوران اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کنفکشنری پر ڈیوٹی کم کرنے کا بھی یقین دلایا تاکہ اس کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے سلسلے میں بی ٹو بی میٹنگز کا بندوبست کرنے کا بھی یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ روانڈامیں کاروبار شروع کرنا بہت آسان ہے جبکہ آمد پر ویزے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان نے غیر روایتی منڈیوں کی تلاش میں 2016 میں لک افریقا کی پالیسی شروع کی تھی مگر کووڈ کی وجہ سے اس سے پوری طرح فائدہ نہ اٹھایا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا چھوٹا ملک ہے مگر اس کے باوجود اس کی معیشت سو فیصد دستاویزی ہے،اس ملک نے عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں اور کاربن کے فٹ پرنٹس کو کم کرنے کے حوالے سے بھی قابل ذکر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روانڈا کو آئی ٹی اور پنک سالٹ کی برآمد بھی کر سکتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566998

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں