لاہور۔20اکتوبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت پولیس ٹیمیں ناجائز اسلحہ کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران پولیس ٹیموں نے رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان کے قبضہ سے 1374 کلاشنکوف، 35507 پسٹل، 2964 بندوقیں، 2635 رائفلز اور 629 ریوالور برآمد کر لی ہیں، ملزمان سے لاکھوں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں ملزمان کے قبضے سے 120 کلاشنکوف، 7617 پسٹل، 529 رائفلز، 289 بندوقیں اور 72 ریوالور 43 ہزار گولیاں اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو بلا تفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس، سٹاک انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈاؤن کی ہفتہ وار رپورٹس سی پی او بھجوائیں۔