ساڑھے 3 سالوں میں پی ٹی آئی نے بھرے ہوئے قومی خزانے کو لوٹ لیا، مہنگائی کی وجہ عمران خان حکومت کی غلط حکمت عملی اور عوام دشمن پالیسیاں تھیں، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم رمضان پیکیج کے تحت خیبرپختونخوا، پنجاب اور وفاقی دارالحکومت میں مفت آٹے کی فراہمی شروع ہوچکی ہے، بلوچستان، سندھ میں بھی عنقریب مفت آٹے کی فراہمی شروع ہو جائے گی، وزیراعظم کی ہدایات پر سستے پٹرول کی سکیم پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرتی عمل کے باوجود وزیراعظم نے رمضان المبارک میں عوام کو مفت آٹے کا تحفہ دیا ہے۔وہ جمعہ کو یہاں ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کر رہی تھیں۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ایک خوشخبری سے آگاہ کررہی ہوں، کے پی کے، پنجاب اور اسلام آباد میں مفت آٹے کی تقسیم کا عمل شروع ہو گیا ہے، پاکستان میں اس وقت جو معاشی صورتحال،آئی ایم ایف کا معاہدہ ابھی مذاکرات کے عمل میں ہے اس میں عوام کو سہولت فراہم کرنا اس جذبے،نیت اور عزم کا عہد کرتا ہے کہ شہباز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کی مشکلات کے بارے میں سوچا اور سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے مفت آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعظم کا یہ ہی وژن بلوچستان اور سندھ میں بھی شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ٹریک ریکارڈ ہے جب بھی ملک میں سیلاب ہو، قدرتی آفت یا رمضان پیکیج ہو یا کوئی بھی عوامی خدمت کا منصوبہ ہو اس کی شفافیت اور معیار کی مانیٹرنگ وہ خود کرتے آئے ہیں، اس وجہ سے انہیں شہباز سپیڈ اور شفافیت کے منصوبوں پر کوئی انگلی نہیں اٹھ سکی۔ انہوں نے کہا کہ سستے پٹرول سکیم پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے ۔ سستے آٹے کی مد میں 74ارب لاگت آئے گی، اس وقت تک 42لاکھ لوگوں تک آٹے کے تھیلے مفت تقسیم ہوچکے ہیں، پنجاب میں 41 لاکھ، کے پی کے ایک دن کے اندر72ہزار تھیلے اور اسلام آباد میں 20ہزار تھیلے ایک دن میں تقسیم ہوئے ہیں، وزیراعظم نے خود قصور اور لاہور کا دورہ کیا اور مفت آٹے کی فراہمی کے عمل اور مشکلات کا جائزہ لیا۔

پہلی دفعہ اس سطح پر سستے آٹے کی فراہمی ہورہی ہے تو کچھ مشکلات سامنے آئیں جس پر وزیراعظم خود باہر نکلے اور لوگوں سے آٹے کی مفت فراہمی میں درپیش مشکلات بارے پوچھا ہے، وزیراعظم باقی علاقوں میں بھی جائیں گے، انتظامیہ نے آٹے کے معیار بارے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے، وزیراعظم یومیہ کی بنیاد پر اس حوالے سے رپورٹ لیتے ہیں، رمضان المبارک میں ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے،بجلی کے منصوبے ہوں یا صحت کارڑ، میٹرو بس ہو یا یوتھ سکیم، لیپ ٹاپ کی فراہمی ہو یا سستے قرضوں کی فراہمی ہو یہ سب کچھ ن لیگ کے دور حکومت میں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت گئی تو مہنگائی کی شرح 2.4تھی، چار سالوں کے دوران مہنگائی کی شرح 25فیصد تک پہنچ گئی، 2018 تک محمد نواز شریف نے آٹے کی قیمت فی کلو 35روپے سے بڑھنے نہیں دی، چینی کی قیمت 52روپے، گھی،مصالحہ جات، سبزیوں کی شرح 2.4 فیصد پر تھی۔

انہوں نے کہا کہ جب خزانہ بھرا ہوا تھا تو اس وقت خزانے کو لوٹا گیا اور عوام کو تکلیف دی گئی، آٹے،چینی چوروں نے عوام کو لوٹا،عوام کو مشکلات میں جھونکا گیا،وہ لوگ جو خزانے کو لوٹ کر گئے ہیں، آئی ایم ایف کا وہ پروگرام دیکر گئے ہیں جس سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے،آج وہ ہی چور عدالتوں میں پیش بھی نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں عوام کو دی گئی سستے آٹے اور پٹرول کی سہولت بلارکاوٹ جاری رہے گی، ایک ڈیش بورڈ بنا دیا گیا ہے جہاں تمام مشکلا ت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے سیلاب کی صورتحال پر جیسے قابو پایا اس کی مثال نہیں ملتی، سیلاب کی تمام ریلیف سرگرمیوں کا انہوں نے خود جائزہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج جو شخص ملک میں فساد،انارکی چاہتا ہے وہ اس وقت شہباز شریف کا مذاق اڑاتا تھا جب وہ فیلڈ میں جاکر عوام کی تکلیف اور دکھوں کا مداوا کرتے تھے۔