سرگودھا ۔5جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودھاڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سرگودہاپولیس کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے ِمئی کی رپورٹ بارے بتایا کہ برآمدہ مال ِمسروقہ کل مالیتی 3 کروڑ 59 لاکھ روپے سے زائد ہے جو بعد از قانونی کارروائی اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 536 اشتہاری مجرمان اور 324 عادی مجرمان کو گرفتار کیاگیاجبکہ غیرقانونی اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 232 مقدمات درج کئے گئے۔
غیرقانونی اسلحہ میں 6 کلاشنکوف،21درائفل،55 بندوق 12 بور، 154 پستول 30 بور اور 2295 گولیاں و کارتوس برآمد کیے گئے۔ اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 183 مقدمات درج کیے گئے جس میں 125.46 کلو گرام چرس، 04 کلو گرام ہیروئن،افیون 31.2 کلو گرام، آئس 269 گرام،3248 لٹر شراب برآمد کی گئیں۔
ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہاکہ مئی میں 2343 مقدمات کا اندراج کر کے 4542 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 11 خطرناک گینگز بھی شامل ہیں۔ ڈی پی اونے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور قانون شکنی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی اونے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ انسدادِجرائم کے لیے پولیس کا ساتھ دیں۔