سرگودھا میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی تجویز

سرگودھا۔20جنوری (اے پی پی):پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج ڈاکٹر حمیرا اکرم نے کہا ہے کہ سرگودہا میڈیکل کالج کو دومرحلوں میں اپ گر یڈ کرنے کی تجویز ہے ۔ سرگودہا میڈیکل کالج کی پرنسپل نے کہا کہ کالگ کا نظم ونسق سرگودھا یونیورسٹی سے ختم کر کے ‘ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے سپردکر دیاگیا ہے۔

پہلے مرحلے میں کالج میں پروفیسرز کی آسامیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز ہے جس کے بعد یہاں طلبہ کے داخلہ کی تعداد کا کوٹہ بھی بڑھے گا ۔ دوسرے مرحلے میں دو سال بعد سرگودہا میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کی تجویز ہے جس کے بعد یہاں نرسنگ کالج ’ ڈینٹل کالج ‘ الائیڈ ہیلتھ سائنسز او رپانچ سو بیڈز پر مشتمل الگ سے ٹیچنگ ہسپتال بنانے کی سفارش کی گئی ہے ۔

ڈاکٹر حمیرا اکرم نے کہا کہ سرگودہا میڈیکل کالج کی اپ گریڈیشن او رنئے ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کے بعد یہاں سرگودہا ڈویژن کے علاوہ قریبی اضلاع جھنگ ’حافظ آباد ‘ چنیوٹ او رمنڈی بہاؤالدین کے لوگ بھی استفادہ کرسکیں گے ۔ واضح رہے کہ سرگودھا میڈیکل کالج کی اپ گریڈیشن کے لئے ورکنگ گروپ بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔