اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہےکہ سرینگر ہائی وے کے انڈر پاسز کو رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کوسرینا انٹرچینج منصوبے کے دورے کے موقع پر کیا۔چیئرمین سی ڈی اے نےممبر انجینئرنگ کے ہمراہ سرینا انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ افسران نے بریفنگ بھی دی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرینگر ہائی وے پر دونوں انڈر پاسز پر فنشنگ کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور دونوں انڈر پاسز کا فنشنگ ورک رواں ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ فنشنگ ورک مکمل کرکے سرینگر ہائی وے کے انڈر پاسز کو رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سرینا انٹرچینج منصوبے سے منسلک تمام انڈر پاسز کے اطراف بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کو خوبصورت بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر دیدہ زیب لائٹس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے منصوبے کے اطراف شجرکاری اور ہارٹیکلچر کے کام کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھ کر رواں ماہ ہی مکمل کیا جائے اور ہر حال میں تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کنسلٹنٹس اور ریزیڈنٹ انجنئیرز کو سائٹ پر تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کے ساتھ شہریوں کو سگنل فری سفری سہولیات بھی میسر ہوں گی۔