اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ’’ایکس‘‘ اکائونٹ پر سابق سعودی فرمانروا شاہ فیصل بن عبد العزیز کے 1955ء کے کراچی ریڈیو سٹیشن کے دورے کی نایاب تصاویر پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا ہے۔
سعودی سفارت خانے کے میڈیا اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی کے مطابق اس مواد کو تاریخی لمحوں کو اجاگر کرنے کے لئے تیار کیا گیا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سعودی سفارت خانہ ان موضوعات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے جو پاکستان کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت اور سعودی عرب کے قیمتی ورثے اور قابل احترام قیادت سے متعلق ہیں۔