سماجی انصاف کے بغیر تمام معاشی اقدامات اور گورننس کی اصلاحات اپنا اثر کھو دیتی ہیں، جعفرخان مندوخیل

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب اور ترقی یافتہ ممالک میں سماجی انصاف درحقیقت عدالتی انصاف سے پہلے آتا ہے۔ سماجی انصاف کے بغیر تمام معاشی اقدامات اور گورننس کی اصلاحات بھی اپنا اثر کھو دیتی ہیں۔ سماجی انصاف بنیادی حقوق

کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب اور ترقی یافتہ ممالک میں سماجی انصاف درحقیقت عدالتی انصاف سے پہلے آتا ہے۔ سماجی انصاف کے بغیر تمام معاشی اقدامات اور گورننس کی اصلاحات بھی اپنا اثر کھو دیتی ہیں۔ سماجی انصاف بنیادی حقوق، مساوی مواقع اور عوام کو جان و مال کا تحفظ یقینی بناتا ہے۔ سماجی انصاف میں ہی تمام معاشی اور معاشرتی اقدامات پیوست ہیں۔منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی مہذب معاشرے کی اصل طاقت عام آدمی کو اپنے تمام منصوبوں اور پالیسیوں کے محور و مرکز بنانے میں مضمر ہے۔ جب متعلقہ سرکاری حکام اور پالیسی میکرز اچھی طرز حکمرانی کا فریم ورک اور معاشی حکمت عملی وضع کرتے ہیں تو اسکی حقیقی ترقی اور کامیابی کا اندازہ اس سے لگایا جاتا ہے کہ آیا اْٹھائے گئے اقدامات کے اثرات اور ثمرات عام لوگوں تک پہنچتے ہیں۔ گویا اچھی طرزِ حکمرانی اور حقیقی معاشی ترقی عام شہری کا معیار زندگی بلند کرنے سے مشروط ہے۔ اسطرح معاشی پالیسی کی کامیابی کا اندازہ بالآخر عام شہری کیلئے اس کے ٹھوس نتائج سے ہوتا ہے۔

دوسرے لفظوں میں اگر معاشی ترقی اور اچھی طرز حکمرانی کے اثرات اور ثمرات معاشرہ کے عام لوگوں تک نہیں پہنچتے تو اسٹریٹ کرائمز، ناانصافی اور غربت میں اضافے کے خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ مساوی مواقعوں و سہولیات کی عدم دستیابی اور سماجی ناانصافی معاشرے میں میرٹ کی پامالی، بدظنی ، بیگانگی اور سماج دشمن رویوں کو جنم دیتی ہیں اور پورے معاشرے کے فیبرک کو نقصان پہنچاتی ہے لہٰذا تمام سیاسی اور معاشی سرگرمیوں میں عام شہریوں کی بامعنی شرکت و شمولیت کو یقینی بنانا اشد ضروری ہے۔ سماجی انصاف کی فراہمی کے بعد ہی ہم دیرپا امن، معاشی خوشحالی، سیاسی استحکام اور ایک ایسا مہذب معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جہاں ہر غریب اور کمزور فرد بھی عزت اور احساس تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی گزارتاہے۔