کراچی۔ 05 فروری (اے پی پی):سندھ فوڈ اتھارٹی اور بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے تحت چلنے والے دو معروف تحقیقی و تجزیاتی مراکز “حلال سرٹیفکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس (ایچ سی ٹی آر ایس)” اور “انڈسٹریل اینا لیٹیکل سینٹر (آئی اے سی)” کے درمیان معاہدے کی یاد داشتوں پر دستخظ کئے گئے ہیں۔
پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان معاہدوں کا مقصد سندھ فوڈ اتھارٹی ، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ان تجزیاتی مراکز کے ساتھ صوبہ سندھ کے مفاد میں مضبوط تعاون کا سلسلہ قائم کرنا ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرفرزانہ شاہین اور سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین نے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں ان معاہدوں پر دستخط کئے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اسد سید، ڈاکٹر نوید بھٹو، ڈاکٹر سیما، دانش ارشد جبکہ بین الاقوامی مرکز کے پروفیسر ڈاکٹر عابد علی، پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف، پروفیسر ڈاکٹر شبانہ سمجی، پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم، ڈاکٹر عمران ملک، ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر شکیل احمد، جاوید ریاض و دیگر آفیشل نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
آغا فخر حسین نے صوبہ سندھ کے مفاد میں اس معاہدے کو ممکن بنانے پر بین الاقوامی جامعہ کراچی کی کوششوں اور اس ادارے کی قومی خدمات اور صنعتوں کو فراہم کی جانے والے تجزیاتی تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا یہ ہدف ہے کہ سندھ کے لوگوں کو معیاری اور صحت مند غذا میسّر آئے۔ پروفیسرفرزانہ شاہین نے بھی اس موقع پر اجلاس سے خطاب کیا ۔