سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے مغرب کی احترام انسانیت سے متعلق تصور کی قلعی کھل گئی ہے، سینیٹر عرفان صدیقی

خطاطی مسلمانوں کی تہذیبی اور روحانی احساسات کی ترجمان ہے،سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے مغرب کا دوسروں کے جذبات، احساسات اور احترام انسانیت سے متعلق تصور کی قلعی کھل گئی ہے، اسلام میں خواتین، جانوروں، پرندوں بلکہ پوری انسانیت کے حقوق ہیں، دنیا میں ہمیں اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ مغرب کا خوبصورت تصور پیش کیا جاتا ہے، جس کو کبھی انسانی حقوق اور کبھی اظہار رائے کی آزادی کا نام دیا جاتا ہے، ان کے دلوں میں کدورت بھری ہوتی ہے جو کبھی توہین رسالتؐ اور کبھی ایسے واقعات کی صورت میں نظر آتی ہے، یہ ان کا باطن اور روح فکر ہے جو اس طرح کے اقدامات کی صورت نظر آتی ہے، اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ دوسرے کے جذبات اور احساسات کا کتنا احترام رکھتا ہے، وہ قرآن پاک کی بے حرمتی کر کے کیا حاصل کرنا چاہیے،

قرآن پاک لاکھوں کروڑوں دلوں میں موجود ہے، یہ اظہار رائے کی آزادی نہیں نفرت اور کدورت کی آزادی ہے، وہ اسلام اور مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں، انہیں اس کتاب کے بارے میں علم نہیں، مسلمانوں میں قوت برداشت تحمل، صبر دوسروں کے مذہب کا احترام زیادہ ہے، مسلمان ممالک میں توہین مذہب کے واقعات بہت کم ہوتے ہیں اور جس کی پوری قوم مخالفت کرتی ہے،

اسلام میں خواتین، جانوروں، پرندوں بلکہ پوری انسانیت کے حقوق ہیں، حضور اکرم محسن انسانیت ہیں، ہمارا تشخص منفی طور پر پیش کیا جاتا ہے، ہم اب تک دنیا کو اصل پیغام پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔