سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سےوزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت مقامی کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سٹی ٹریفک پولیس ملتان کا مقامی کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار

مزید خبریں
ملتان۔ 09 جون (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سےوزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن ’’محفوظ پنجاب‘‘ کے تحت مقامی کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ کالج انتظامیہ اور ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی ٹیم اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ اس موقع پر سی ٹی او نبیل کھوکھر نے کہا کہ روڈ ڈسپلن قائم کرنے کےلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی قوم کے مہذب ہونے کا اندازہ اس کے سڑکوں پر نظم و ضبط سے لگایا جاتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرکے محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر کالج میں موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ وین (پنک وین) بھی موجود رہی جہاں طلبہ نے ڈرائیونگ لائسنس اور پولیس خدمت مرکز کی سہولیات سے استفادہ حاصل کیا۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ سکولز میں فراہم کی جانے والی تربیت کے مراحل کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔طلبہ کو آگاہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویمن امپاورمنٹ پراجیکٹ کے تحت طالبات کو بائیک اور سکوٹی چلانے کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ خواتین کو بااختیار بنایا جا سکے۔سیمینار میں چین سے آئے معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی اور ٹریفک پولیس کے روڈ سیفٹی سے متعلق اقدامات کو سراہا۔ سیمینار کے اختتام پر سی ٹی او ملتان اور چائنیز مہمانوں نے پاکستان اور چین کے جھنڈے لہرا کر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا جبکہ مہمانوں میں یادگاری سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔








