اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نےریٹرننگ افسر کی تعیناتی معطل کرنے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلہ کو کالعدم قرار ددے دیا۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 91 کوہاٹ میں ریٹرننگ افسر کی معطلی کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دوران سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک ریٹرننگ افسر بیمار ہوا تو دوسرا لگا دیا گیا لیکن پشاور ہائی کورٹ نے فورا ًتقرر ہی معطل کر دیا اور نوٹس جاری کرنا بھی مناسب نہ سمجھا۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ پی کے 91 کوہاٹ میں 31 امیدوار تھے۔ جن میں سے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی ہوئی جبکہ 19میدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہونی ہے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کی۔