سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان اور شیخ منصور بن زید النہیان کو مبارکباد

راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شیخ خالد بن محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کا نیا ولی عہد اور شیخ منصور بن زید بن النہیان کو نائب صدر منتخب ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو اپنے تہنیتی پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ خوشگوار تعلقات پائے جاتے ہیں،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوطرفہ قریبی سیاسی اور سماجی تعلقات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نو منتخب عرب اماراتی قیادت کی سربراہی میں پاکستان اور عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور پاکستان میں بسنے والے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی عوام مشترکہ مذہب اور ثقافت کے لازوال رشتوں کی بدولت برادر ملک کے لیے بے پناہ محبت اور پیار کا جذبہ رکھتے ہیں،پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں متحدہ عرب امارات کی ہمیشہ حمایت حاصل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی نئی قیادت کی سربراہی میں عرب امارات ترقی اور خوشحالی کی مزید منازل طے کرے گا۔