سپیکر قومی اسمبلی کا فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حسن خیل میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حسن خیل میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکاروں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

منگل کو اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے شہید ہونے والے نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، احسان اور ریاض کی جرات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں۔ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ ملک کے امن اور ترقی کو نقصان پہنچانے والے شر پسند عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔