سیاسی منظر نامے سے غائب ہوتی غیر متحدہ اپوزیشن واپسی کے لیے ہاتھ پائو ں مار رہی ہے،حسان خاور

تحریک انصاف وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، مخالفین کی دراڑیں ڈالنے کی ہر سازش ناکام ہو گی، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور

لاہور۔24فروری (اے پی پی):معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ سیاسی منظر نامے سے غائب ہوتی غیر متحدہ اپوزیشن واپسی کے لیے ہاتھ پائو ں مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبرز پورے ہونے کی دعویدار اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کے در پر ماری ماری پھر رہی ہیں۔

اپوزیشن کی نمبر گیم پوری ہوتی تو یہ لانگ مارچ منسوخ کر کے فورا ًتحریک عدم اعتماد لاتی۔ اپوزیشن کی پاکستان مسلم لیگ (ق) سے ملاقاتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران وضعدار سیاست دان ہیں، تمام جماعتوں سے انکی ملاقاتیں معمول کی بات ہیں۔

ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کو کچھ آفر کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ ن لیگ 1997 میں بھی ق لیگ کی مدد سے الیکشن جیت کر ان کو دھوکہ دے چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ حکومت کا ایسا کوئی اختلاف نہیں جو حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہو۔

حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ پیچیدہ سیاسی معاملات میں آپسی اختلاف کوئی اچنبھے کی بات نہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کے لیے کام کیا جائے۔ اور اس سلسلے میں حکومت کا ٹریک ریکارڈ اپوزیشن سے ہزار درجے بہتر ہے۔ انکا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال میں اپوزیشن کا اتفاق رائے نہ بن سکا جبکہ حکومت عوامی خدمت میں لگی رہی۔