سیالکوٹ میں رکشوں کیلئے جدید سکیورٹی نظام کا آغاز، پہلا کیو آر پینک بٹن فعال

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سیف سٹی سیالکوٹ نے عوامی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے رکشوں میں جدید سکیورٹی نظام متعارف کرا دیا ہے۔

سیالکوٹ۔9جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سیف سٹی سیالکوٹ نے عوامی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے رکشوں میں جدید سکیورٹی نظام متعارف کرا دیا ہے۔

اس سلسلے میں رکشہ نمبر ایس ٹی یو 20-787 پر پہلا کیو آر پینک بٹن کامیابی سے نصب اور فعال کر دیا گیا۔سیف سٹی حکام کے مطابق یہ جدید سکیورٹی سہولت مسافروں کو ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرنے اور مدد حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ کیو آر پینک بٹن کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دی جا سکے گی، جس سے بروقت کارروائی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک سٹی مبشر قادر نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد عوامی ٹرانسپورٹ کو مزید محفوظ بنانا اور شہریوں میں احساسِ تحفظ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں مزید رکشوں اور دیگر عوامی ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں بھی یہ جدید سکیورٹی نظام نصب کیا جائے گا۔شہریوں نے سیف سٹی سیالکوٹ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی روک تھام اور عوام کی حفاظت میں نمایاں بہتری آئے گی۔